ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی میں لاک ڈاؤن کا اعلان، ضروری خدمات کو چھوڑ کر سب کچھ بند

دہلی میں لاک ڈاؤن کا اعلان، ضروری خدمات کو چھوڑ کر سب کچھ بند

Sun, 22 Mar 2020 20:29:40    S.O. News Service

نئی دہلی،22؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس سے خطرے کے پیش نظر قومی راجدھانی دہلی میں اتوار کی رات 9 بجے سے 31 مارچ رات بارہ بجے تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے تمام اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر ملک بھر میں ایک دن کے لئے جنتا کرفیو نافذ رہا۔ اس دوان تمام سڑکیں خالی نظر آئیں جبکہ دکانیں، اور دیگر کاروبای ادارے پوری طرح بند رہے۔ جنتا کرفیو کے دوران دہلی میٹرو کی خدمات 31 مارچ تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ شام 6 بجے کے بعد اروند کیجریوال نے دہلی کے ایل جی انل بیجل کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد دہلی میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا کہ کل یعنی 23 مارچ سے 31 مارچ تک دہلی میں لاک ڈاؤن رہے گا۔ اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گا اور صرف 25 فیصد ڈی ٹی سی بسیں چلیں گی، یہ بسیں بھی ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کے لئے ہی چلائی جائیں گی۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کی دکانیں اور بازار سب بند ہو جائیں گے۔ دہلی کی سرحدیں سیل رہیں گی، تاہم دوسری ریاستوں سے کھانا اور سبزی لانے والی گاڑیوں کو دہلی آنے کی اجازت رہے گی۔ اس کے علاوہ تمام پروازیں اور مذہبی مقامات بھی بند رہیں گے۔ وہیں، اسپتال اور محکمہ بجلی کے دفاتر کھلے رہیں گے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ’’کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ انفیکشن تیسرے مرحلے تک پہنچ جائے اور اموات کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہو جائے، لہذا ہم کل 23 مارچ صبح 6 بجے سے 31 مارچ تک کے لئے لاک ڈاؤں کا اعلان کرتے ہیں۔

لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے سی ایم اروند کیجریوال نے کہا کہ اس مدت کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ خدمات بند رہے گی۔ یہ پابندی نجی بسوں، ٹیکسی، رکشہ اور ای رکشہ سب پر عائد رہے گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران دہلی کی دکانیں، بازار، دفاتر، گودام، ہفتہ وار بازار اور دیگر تمام ادارے بند رہیں گے۔ اس دوران دہلی میں ہر طرح کا تعمیراتی کام بھی بند رہے گا۔ اس کے علاوہ نجی دفاتر بھی بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ سی ایم کیجریوال نے دہلی ائیرپورٹ پر بھی تمام پروازیں بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ دہلی پہنچنے والی بین الاقوامی اور گھریلو پروازیں معطل کر دی گئیں ہیں۔ اسی کے ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران انٹر اسٹیٹ بسیں، ٹرینیں اور میٹرو بھی بند رہیں گی۔

یہ خدمات جاری رہیں گی: سی ایم کیجریوال نے کہا کہ ریستوراں سے ٹیک وے (کھانا پیک کراکر لے جانا) اور ہوم ڈلیوری جاری رہے گی۔ دریں اثنا، ٹیلی کام، سبزیاں، راشن، میڈیکل اسٹور سمیت ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مجسٹریٹوں کے تمام دفاتر کھلے رہیں گے۔ پولیس کا کام جاری رہے گا۔ تمام اسپتال، فائر بریگیڈ کی خدمات جاری رہیں گی۔ بجلی کے دفاتر میں کام جاری رہے گا۔ پانی کی فراہمی سے متعلق تمام محکموں میں کام جاری رہے گا۔ دہلی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے حوالہ سے متعلقہ تمام محکموں میں کام جاری رہے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا کام جاری رہے گا۔ بینکوں کے کیش کاؤنٹر کھلے رہیں گے تاکہ لوگ اپنا پیسہ نکال سکیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ اور براڈبینڈ سروس بھی جاری رہے گی-

دہلی میں دفعہ 144 نافذ: قبل ازیں، دہلی پولس کمشنر ایس این شری واستو نے یہاں جاری ایک حکم میں کہا ہے کہ راجدھانی میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے اور یہ حکم 31 مارچ رات بارہ بجے تک رہے گا اور اس کے تحت پبلک مقامات پر چار سے زیادہ لوگ اب ایک جگہ اکٹھا نہیں ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 360 ہوگئی ہے جبکہ اس وائرس کی وجہ سے 7 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اسی کے پیش نظر مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، پنجاب، اترپردیش سمیت متعدد ریاستوں نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔


Share: